حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے امور خارجہ کے سیکرٹری حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی جو کہ ان دنوں لبنان کے دورہ پر ہیں۔ اپنے حالیہ دورے میں انہوں نے لبنان کے دارلحکومت بیروت میں واقع غاصب اسرائیل کے خلاف مقاومت آپشن کے انٹرنیشل فورم آف سپورٹ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یحییٰ غدر سے ملاقات کی اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
یاد رہے کہ غاصب اسرائیل کے خلاف مقاومت آپشن کے اس انٹرنیشنل فورم میں دنیا بھر کے پانچ براعظموں کے 72 سے زائد ممالک کی مختلف شخصیات شامل ہیں جوکہ جبتہ المقاومت کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے اس انٹرنیشنل فورم میں نمائندگی کا یہ اعزاز سربراہ امور خارجہ ایم ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کو حاصل ہے اور وہ اس انٹرنیشنل فورم کے ایگزیگٹو کونسل کے ممبر بھی ہیں۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان کی سیاسی صورتحال اور حالیہ انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال اور اسکے اثرات جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا۔ سربراہ امور خارجہ نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا سابق وزیر اعظم عمران خان کی جماعت پی ٹی آئی کے ساتھ ہونے والے سیاسی اتحاد اور طے شدہ معاہدے کے بارے میں آگاہ گیا۔
علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں نے فلسطینی علاقوں میں پیدا ہونے والی صورتحال اور غزہ میں جاری نسل کشی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اور اس فورم کی طرف سے فلسطینی کاز کی مکمل حمایت کا اظہار کیا گیا۔ اور غزہ میں اسرائیلی قابض افواج وحشیانہ بمباری اور جنگی جرائم کی شدید الفاظ میں مذمت اور فلسطینی مقاومت کی مکمل سپورٹ کا اعلان کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کی طرف سے اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ اگر عرب اور اسلامی حکومتیں اس مشکل وقت میں فلسطینی کاز کے ساتھ کھڑے نہیں ہوتے تو یہ سارے ممالک اپنی خاموشی کی وجہ سے اس قبضے اور جنگی جرائم میں برابر کے شریک ہونگے۔